وزارت داخلہ نے حلقہ پی بی26سے مبینہ طور پر افغان شہری کی کامیابی سے متعلق معاملے پر حتمی رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی

الیکشن کمیشن کی وزارت داخلہ کو (کل)تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

منگل 23 اکتوبر 2018 15:10

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزارت داخلہ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی26سے مبینہ طور پر افغان شہری کی کامیابی سے متعلق معاملے پر حتمی رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید مہلت مانگ لی جس پر الیکشن کمیشن نے (کل)جمعرات تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔منگل کو الیکشن کمیشن میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 سے مبینہ طور پر افغان شہری کی کامیابی سے متعلق معاملے پر ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران کامیاب امیدوار احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق اور وزارتِ داخلہ حکام الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،ممبر الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ حکام سے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک رپورٹ نہیں لائے ،ْآپ نے یقین دہانی کرائی تھی،وزارت داخلہ حکام نے کہا کہ رپورٹ جمع کرانے کے لئے ایک دو دن دیئے جائیں،ممبر سندھ عبدالغفار سومرو نے کہا کہ ہم رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں،ممبر بلوچستان شکیل بلوچ نے کہا کہ آپ رپورٹ لے آئیں اسی دن دلائل دیئے جائیں۔الیکشن کمیشن وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے جمعرات تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔