Live Updates

پاکستان اور بھارت کے درمیان امن بہت اہمیت کاحامل ہے تاکہ دونوں ممالک کے وسائل اسلحہ کی غیر پیداواری دوڑ میں ضائع کرنے کی بجائے اس کا رخ انسانی ترقی کی طرف موڑا جاسکے، وزیر اعظم عمران خان کا ریاض میں ممتاز کاروباری رہنمائوں و سرمایہ کاروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں سوال کا جواب

منگل 23 اکتوبر 2018 16:53

پاکستان اور بھارت کے درمیان امن بہت اہمیت کاحامل ہے تاکہ دونوں ممالک ..
ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن بہت اہمیت کاحامل ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ دونوں ممالک کے وسائل اسلحہ کی غیر پیداواری دوڑ میں ضائع کرنے کی بجائے اس کا رخ انسانی ترقی کی طرف موڑا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو دنیا بھر سے ممتاز کاروباری رہنمائوں و سرمایہ کاروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

23 سے 25 اکتوبر تک ریاض میں ’’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی کانفرنس میں سوال و جواب کی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت کے ساتھ امن نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کے لئے بھی اہم ہے۔

(جاری ہے)

سرمایہ جس کا رخ انسانی وسائل کی طرف ہونا چاہیے، اسلحہ کی غیر پیداواری دوڑ کی نذر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لئے بھارت اور افغانستان کے ساتھ امن و استحکام اہم ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے بھارت کی طرف امن و دوستی کاہاتھ بڑھایا تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ بھارت کی طرف سے اس کا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ عمران خان نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ بھارت میںعامانتخابات ہونے جارہے ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان مخالف بیان بازی کے پس پردہ ایک بڑی وجہ آئندہ عام انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم انتخابات کا انتظار کرتے ہیں اور بھارت کے ساتھ دوبارہ امن مذاکرات کی بحالی کی امید رکھتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن اقدامات کی حمایت کے لئے حکومت کے عزم کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام فریقین متفق ہیں کہ امن و استحکام سے ہی بیرونی سرماری آئے گی اور غربت میں کمی واقع ہو گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار یقینی ہو گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات