پٹینگولر انڈر 19 ٹی 20 کپ، فیڈرل ایریا نے مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی، بلوچستان نے دفاعی چیمپیئن خیبر پختونخوا کو شکست دے دی

منگل 23 اکتوبر 2018 19:49

پٹینگولر انڈر 19 ٹی 20 کپ، فیڈرل ایریا نے مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی، ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پٹینگولر انڈر 19 ٹی 20 کپ میں فیڈرل ایریا نے سندھ کو ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی، بلوچستان نے دفاعی چیمپیئن خیبر پختونخوا کو شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں فیڈرل ایریاز انڈر 19 نے سندھ انڈر 19 کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، سندھ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوورز میں صرف 56 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی، صائم ایوب 15 اور محسن ریاض 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہارون وحید اور فہد حسین نے تین، تین جبکہ صارم اشفاق اور زین العابدین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فیڈرل ایریاز نے ہدف 11.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد عرفان خان نے 24 اور عزیر ناصر نے 17 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

محمد طارق خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فیڈرل ایریاز کے فہد حسین کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، واضح رہے کہ فیڈرل ایریاز کی یہ مسلسل دوسری فتح ہے۔

اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں بلوچستان نے دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ خیبر پختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 93رنز بنائے، ثاقب جمال 44 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہی, اختر شاہ نے تین جبکہ محمد جنید اور بلال خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں. بلوچستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد آصف نے 34 اور خیام خان نے 24 رنز بنائے، محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں، اختر شاہ کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ خیبر پختونخوا کی ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے اور وہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔