ْضلعی سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ ہری پور میں گورنمنٹ ہائی سکول منگ اور بگڑہ نے اپنے میچز جیت لئے

بدھ 24 اکتوبر 2018 10:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) ضلعی سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ ہری پور میں گورنمنٹ ہائی سکول منگ اور بگڑہ نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔

(جاری ہے)

پریس سیکرٹری عماد اعجاز کے مطابق پی سی بی گرائونڈ میں گورنمنٹ ہائی سکول بریلہ اور گورنمنٹ ہائی سکول منگ کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا جس میں ہائی سکول بریلہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں 134 رنز بنائے، عمیر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دوست محمد نے 4 وکٹیں حاصل کی، جواب میں گورنمنٹ ہائی سکول منگ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کر کے میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔

دوسرے میچ میں گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول بگڑہ اور گورنمنٹ ہائی سکول کلنجر کے درمیان کھیلا گیا جس میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بگڑہ نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں 205 رنز بنائے، عبدالله نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی اننگز کھیلی اور عطاء الله نے 38 رنز بنائے۔ دوسری بیٹنگ میں گورنمنٹ ہائی سکول کلنجر کی پوری ٹیم 94 رنز بنا آئوٹ ہو گئی ، عبدالله نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس شاندار کامیابی پر ضلعی سیکرٹری ڈاکٹر تیمور خان نے جیتنے والی ٹیموں اور ان کے انچارج صاحبان کو مبارکباد پیش کی۔