Live Updates

نواز شریف کا سیاست میں دوبارہ سے متحرک ہونے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم نواز شریف اگلے ایک دو روز میں ملک کو در پیش اہم ایشوز، حکومت کی اب تک کی کارکردگی سمیت بعض اقدامات پر کھل کر اظہار خیال کریں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 اکتوبر 2018 19:53

نواز شریف کا سیاست میں دوبارہ سے متحرک ہونے کا فیصلہ
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اکتوبر 2018ء) نواز شریف کا سیاست میں دوبارہ سے متحرک ہونے کا فیصلہ، سابق وزیراعظم نواز شریف اگلے ایک دو روز میں ملک کو در پیش اہم ایشوز، حکومت کی اب تک کی کارکردگی سمیت بعض اقدامات پر کھل کر اظہار خیال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق معروف صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اگلے ایک دو روز میں ملک کو در پیش اہم ایشوز، حکومت کی اب تک کی کارکردگی سمیت بعض اقدامات پر کھل کر اظہار خیال کریں گے۔

سلمان غنی کا کہنا ہے کہ جاتی امرا کے اہم ذرائع بتا رہے ہیں کہ ابھی تک نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی وفات کے دکھ اور غم سے باہر نہیں نکلے اور کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ نواز شریف، مریم نواز، کلثوم نواز کی بہن اور بہنوئی بیگم کلثوم نواز کی قبر پر نہ جاتے ہوں اور خصوصاً مریم نواز اب بھی اپنی والدہ کی قبر پر جا کر روتی نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کہتے ہیں کہ جب میں اپنی بیٹی کو ماں کی قبر پر روتے دیکھتا ہوں تو میرا کلیجہ منہ کو آتا ہے کہ میں اپنی شریک حیات کی عیادت بھی نہ کر سکا۔ میں اپنے والد محترم کے جنازہ کو کاندھا ہی نہ دے سکا۔ سیاست کی وجہ سے میری بیٹی کو میرے ساتھ جیل جانا پڑا۔ میں نے اس سیاست کے لیے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ سیاست جرم نہیں بننی چاہئے۔

نواز شریف کی جانب سے قومی ایشوز کے حوالے سے کوئی رد عمل نہ دیئے جانے پر جب ان کی جماعت کے بعض ذمہ داران نے بعض صحافیوں کے سوالات کے جوابات نہ دئیے جانے پر استفسار کیا تو ان کا کہنا تھا کہ آج اگر میں عدالتوں کا سامنا کر رہا ہوں تو یہ سب بھی سیاست اور سیاسی عمل کا حصہ ہی ہے اور یہ سب کچھ سیاست کی وجہ سے ہی ہوا ہے۔ میرے پاس قوم سے کہنے کیلئے بہت کچھ ہے اور مجھے اس حوالے سے کوئی پابند نہیں بنا سکتا۔

جو شخص اپنی اہلیہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر جیل جانے کیلئے وطن واپس آ جائے اس سے یہ توقع نہیں کی جانی چاہئے کہ وہ کسی مصلحت کا شکار ہو کر خاموشی اختیار کر لے گا۔ مصیبتیں اور پریشانیاں کسی کو جھکانے کیلئے نہیں بلکہ جگانے کیلئے آتی ہیں۔ لہٰذا میرا قومی اور سیاسی کردار جلد سامنے آ جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات