آصف زرداری، بلاول بھٹو کا اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ

مولانا فضل الرحمن نے اے پی سی بلائی ہے، پیپلزپارٹی اے پی سی میں ضرور شرکت کرے گی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 29 اکتوبر 2018 20:22

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 اکتوبر 2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے اے پی سی بلائی ہے، پیپلزپارٹی اے پی سی میں ضرور شرکت کرے گی۔ انہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پیپلزپارٹی اے پی سی میں شرکت کرنے ضرور جائیں گی۔

انہوں نے اپوزیشن کا حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے درمیان آج پارلیمنٹ ہاؤس کی لابی میں ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف متحد ہوکرچلنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

آصف زرداری اور شہبازشریف نے پارلیمنٹ ملکر چلنے پر اتفاق کرلیا، دونوں رہنماؤں نے ایوان میں ایک ساتھ داخل ہوکرحکومت کو سخت پیغام دے دیا۔

دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماء ایک ساتھ ایوان میں داخل ہوئے۔ ایوان میں داخل ہونے کیلئے دونوں رہنماء پہلے آپ پہلے آپ کرتے رہے۔ تاہم پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پارلیمنٹ کے اجلاس میں کچھ دیر کیلئے شریک رہے اور بعد میں روانہ ہوگئے۔ آصف زرداری نے میڈیا کوایک سوال پربتایا کہ شہبازشریف سے ملاقات ہوئی ہے، شہبازشریف سے ملاقات میں فی لحال اے پی سی پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

دریں اثناں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری سے ملاقات خوشگوار رہی۔ ملاقات میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔آصف زرداری سے ملاقات میں اے پی سی کے معاملے پربھی بات ہوئی ہے۔ تاہم آصف زرداری سے میں نے کہا کہ اے پی سی میں شرکت سے متعلق مشورہ کرکے بتاؤں گا۔