شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے،کمشنر ساہیوال

منگل 30 اکتوبر 2018 16:46

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار ہونے والی اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے تا کہ عوام کو معیاری اشیاء صرف فراہم ہوں اور صحت عامہ بھی بہتر ہو، فوڈ اتھارٹی کے قیام کا مقصد اشیائے خورونوش کا کاروبار کرنے والے افراد کی رہنمائی کرنا اور انہیں معیاری اشیاء کے فروغ کی تربیت دینا ہے ، انہو ںنے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں کہی، جس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ساہیوال ڈاکٹر محمد عمیر نے اپنے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی ، انہوں نے فوڈ اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ تاجروں میں خوف و ہرا س پھیلانے کی بجائے ان کی تربیت اور رہنمائی کریں تا کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں اور اپنے فوڈ کے کام کے معیار کو بہتر کر سکیں ، اجلاس میں فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ستمبر 2017میں اپنے ضلعی سطح پر دفاتر کے قیام سے اب تک ساہیوال میں 13ہزار سے زائد انسپکشنز کی جا چکی ہے جس دوران دکان کے مالک کو اپنے کاروبار کو معیاری بنانے کے بارے میں آگاہ بھی کیا جاتا ہے جبکہ اب تک فوڈ سے متعلق کاروبار کرنے والے 15سو سے زائد ملازمین کی تربیت بھی کی جا چکی ہے ، انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع ساہیوال میں 35سو سے زائد لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں اور دکاندار وں کی رہنمائی کیلئے ہفتہ وار سیمینار کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔