معروف پاکستانی کامیڈین اور اسٹیج کے نامور اداکار سکندر صنم کو ہم سے بچھڑے 6 برس بیت گئے

پیر 5 نومبر 2018 16:08

معروف پاکستانی کامیڈین اور اسٹیج کے نامور اداکار سکندر صنم کو ہم سے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) خوشیاں اور مسکراہٹیں بکھیرنے والے معروف پاکستانی کامیڈین اور اسٹیج کے نامور اداکار سکندر صنم کو ہم سے بچھڑے 6 برس بیت گئے۔غریب گھرانے میں آنکھ کھولنے والے سکندر صنم نے گھریلو حالات کے باعث بہت کم عمری میں ایک فیکٹری میں مزدوری شروع کی تاہم بعد ازاں انہیں اپنے اندر چھپی صلاحیتیں دکھیں اور انہوں نے شوبز کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے کھارادر میں 1960 میں پیدا ہونے والے سکندر صنم نے 1981 میں اسٹیج کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر آخری ایام تک اسی سے وابستہ رہے، آپ نے کیرئیر کا آغاز بطور گلوکارکیا تاہم عمرشریف سے دوستی ہونے کے بعد دونوں فنکاروں نے مختلف تقریبات میں اسٹیج کامیڈی کا آغاز کیا۔ دومسخروں کی اس جوڑی سے لوگ اتنا محظوظ ہوئے کہ اگر کسی ڈرامے میں کوئی ایک فرد کم ہوتا توعوام کی دلچسپی اس میں کم ہی ہوتی۔ سکندر صنم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے فن کی وجہ سے پہچانے جانے لگے۔