343.9ملین ڈالر پاور بال لاٹری کا گمشدہ ٹکٹ ٹرک کے فرش سےملا تھا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 8 نومبر 2018 23:56

343.9ملین  ڈالر   پاور بال لاٹری کا گمشدہ ٹکٹ ٹرک کے فرش سےملا تھا

ریڈفیلڈ، آئیوا سے تعلق  رکھنے والی ایک خاتون نے پاور بال لاٹری میں 343.9 ملین ڈالر کی ایک خطیر رقم جیتی ہے۔ 51سالہ لرینی ویسٹ نامی خاتون نےا عتراف کیا ہے کہ ایک موقع پر ان سے ٹکٹ گم ہو گیا تھا جو بعد میں ان کی بہن کے ٹرک کے فرش سے ملا تھا۔
لرینی نے 27 اکتوبر کی پاور بال قرعہ اندازی میں انعام کی آدھی رقم جیتی تھی۔ اس سے پہلے ایک بار جب وہ اپنی بہن کے ٹرک میں سفر کر رہی تھیں تو یہ ٹکٹ ٹرک کے فرش پر گر گیا تھا۔

قرعہ اندازی کے اگلے دن ایک دوست نے لرینی کو مسیج کیا کہ اس بار ایک شخص نے بڑا انعام جیتا ہے، اس پر انہوں نے اپنا ٹکٹ دیکھا تو وہ گم ہو چکا تھا۔ انہوں نے اپنی بہن سے رابط کیا۔ ان کی بہن نے ٹرک میں ٹکٹ ڈھونڈ کر اس کی تصویر بھیج دی۔ جلد ہی لرینی کو معلوم ہو گیا کہ ان کے تمام نمبر8-12-13-19-27 اور 4میچ کر گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لرینی نے اپنی بہن کو فون کیا کہ جلد ہی اپنے ٹرک میں سوار ہو کر ٹکٹ کو ان تک پہنچائے اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ نہ کرے۔


لرینی کو ٹکٹ پر 343.9 ملین ڈالرملے ہیں جو آئیوا لاٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ رقم ہے۔ جیتنے والا دوسرا ٹکٹ نیویارک میں فروخت ہوا تھا، جس کا دعوے دار ابھی سامنے آنا باقی ہے۔
لرینی کا کہنا ہے کہ اپنا انعام وہ اپنے خاندان والوں اور دوستوں کو بھی دیں گی۔ انہوں نے ایک نئی کار خریدنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندان کی قائم کی ہوئی نئی فلاحی تنظیم سے لوگوں پر بھی پیسہ خرچ کریں گی۔

متعلقہ عنوان :