ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی

ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے ان کا کردار قابل ستائش ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج ایڈمرل نوید احمد رضوی کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 10 نومبر 2018 23:32

ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے ان کا کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج ایڈمرل نوید احمد رضوی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں پاک بحریہ اور ملکی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخرہے، ہماری بحری فوج دشمن کے ہر حربے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پرفخر ہے کہ ہمارا ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جس کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں کی تعریف کرتی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ ہماری افواج ملک میں پیش آنے والے ہر مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زلزلہ، سیلاب،اور دیگر ناگہانی آفات سے نبٹنے کے لیے مسلح افواج کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ملکی تعمیر و ترقی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر ترقی کے لیے تمام ریاستی اور قومی ادار وں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

پاک چین اقتصادی رہداری جیسے بڑے منصوبے کی تکمیل کے بعد ملکی اور غیر ملکی کاروبار کا دارومدار سمندری بندرگاہوں کے راستے کے ذریعے ممکن ہو گا۔ جس میں پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھاجائے گا۔ سپیکر نے ملکی اور غیر ملکی سیاحت کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان نیوی کو سمندری بندگاہوں پر پکنک پائنٹ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

سپیکر نے کہا پاک۔نیوی کو دنیاکے جدیدتقاضوں کے مطابق اپنے شعبے میں مزید اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ کمانڈنٹ پاک نیول وار کالج ریرایڈمرل نوید رضوی نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاک۔ نیوی کی تعریف کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان بحریہ ملکی دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا پاک بحریہ اپنے دفاعی کارناموں کی وجہ سے دنیا میں جانی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا پاک بحریہ ملکی دفاع سمیت دیگر ملکی تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی موجودہ سال کو میری ٹائم آگاہی کے سال کے طورپر منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوی وار کالج کے کورس میں ہم پارلیمنٹرین کی شرکت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اس کے لیے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہو گی۔