پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل سردیوں کے باعث یکم دسمبر سے روکنے کا فیصلہ

آئندہ برس یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوگا ،موسم سرما کے دوران پروف آف رجسٹریشن کارڈ موثر رہیگا‘ ترجمان

اتوار 11 نومبر 2018 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2018ء) پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل سردیوں کے باعث یکم دسمبر سے روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا جو آئندہ برس یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوگا ۔اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یو این ایچ سی آر کے مطابق پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل سرد موسم کے باعث آئندہ ماہ یکم دسمبرسے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو 28 فروری2019ء تک معطل رہے گا اور یکم مارچ کو دوبارہ واپسی کا عمل شروع ہوگا ۔

(جاری ہے)

موسم سرما کے وقفے کے دوران یو این ایچ سی آر اپنے ازا خیل ،نوشہرہ اور بلیلی (کوئٹہ ) میں واقع رضاکارانہ و طن واپسی کے مراکز میں سہولت فراہم نہیں کرے گا جبکہ اس دوران افغانستان میں واقع کابل ، ثمر خیل اور جمال میانہ کے نقد امداد وصولی کے مراکز بھی بند رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ واپسی کا عمل معطل ہونے کے باوجود بھی پروف آف رجسٹریشن کارڈ موثر رہیں گے ۔رضاکارانہ وطن واپسی فارم کے بغیر جانے واپس جانے والے مہاجرین کو نقد امداد نہیں ملے گی اور انہیں افغانستان میں واقع نقد امداد کے مراکز میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ۔