Live Updates

اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج اقتصادی بحران سے نمٹنا اور بیرونی ادائیگیوں کو ہینڈل کرنا تھا،وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب غیر ملکی دوروں کے نتیجہ میں ملکی معیشت ٹریک پر آ گئی، معیشت اور توانائی معاملات کے ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 12 نومبر 2018 02:20

اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے سب سے بڑا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) معیشت اور توانائی معاملات کے ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم نے کہا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج اقتصادی بحران سے نمٹنا اور زیر التوا بیرونی ادائیگیوں کو ہینڈل کرنا تھا۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگست کے مہینے میں ملکی معیشت کے استحکام کے لیے تمام ممکنہ اختیارات پر حکومت اقتصادی ماہرین کے ساتھ مشاورت کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے بحران کے توازن کو کم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے کامیاب غیر ملکی دورے کیے جس سے ملکی معیشت دوبارہ سے ٹریک پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا کل قرض اور واجبات 30 ٹریلین روپے کے ارد گرد ہے جو آج سے پانچ سال قبل 16.4 ٹریلین روپے تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش اقتصادی بحران کے پیچھے ایک اہم وجہ منی لانڈرنگ بھی ہے، یہ منی لانڈرنگ جعلی اکائونٹس کے ذریعے کی گئی اور یہ ہمارے قومی اداروں بالخصوص ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان جعلی اکائونٹس اور انہیں ہینڈل کرنے والوں کا سراغ لگائے۔

افراط زر کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ غریبوں پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے اور کم آمدنی والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 300 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات