بابر اعظم ایک اور عالمی ریکارڈ کا حصہ بننے سے محروم رہ گئے

ٹاپ آرڈر بلے باز نے کیویز کیخلاف تیسرے و ن ڈے میں92رنز بنائے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 نومبر 2018 14:13

بابر اعظم ایک اور عالمی ریکارڈ کا حصہ بننے سے محروم رہ گئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12نومبر2018ء) قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران سنچری سے محروم رہنے کے ساتھ ساتھ ایک اور عالمی ریکارڈ کا حصہ بننے سے محروم رہ گئے ۔ 24سالہ بابر اعظم دبئی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کے دوران92رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باﺅنڈری لائن پر جکڑے گئے اور اپنی9ویں ون ڈے سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے ۔

اگر وہ اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوجاتے تو جنوبی افریقی بلے بازہاشم آملا کا کم ترین اننگز میں 9ون ڈے سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیتے ،پروٹیز کھلاڑی نے 52اننگز میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرا ون ڈے بارش کے باعث ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا جس کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

(جاری ہے)

دبئی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا، پاکستان کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ بارش کے باعث اپنی اننگز مکمل نہ کرسکی، موسلا دھار بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تب کیوی ٹیم نے چھ عشاریہ پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے تھے، ووکر 18 اور نکولس 12 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے جب کہ اوپنر کولن منرو بغیر رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔قبل ازیں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا توپاکستان کی جانب سے فخرزمان اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم محمد حفیظ صرف 19 رنز ہی بناکر آﺅٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

تیسری وکٹ پر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ہمراہ 104 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 206 تک پہنچایا، حارث سہیل 60 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے 18 رنز کی باری کھیلی۔بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوورز میں چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آﺅٹ ہوگئے، آصف علی نے 9، فہیم اشرف نے 5، حسن علی نے 2 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، ہنری، بولٹ اور گرینڈ ہوم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔