Live Updates

محمد عباس نے وسیم اکرم ،وقار یونس اور عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا

کم ترین فرسٹ کلاس اننگز میں400وکٹیں مکمل کرنیوالے 5ویں باﺅلر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 نومبر 2018 16:22

محمد عباس نے وسیم اکرم ،وقار یونس اور عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12نومبر2018ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے کم ترین فرسٹ کلاس میچز میں 400وکٹیںحاصل کرنے کا وسیم اکرم ،وقار یونس اور عمران خان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ۔ 28سالہ محمد عباس نے قائد اعظم ٹرافی سپرایٹ مرحلے کے پہلے راﺅنڈ میں گروپ اے میں سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے واپڈا کے خلاف میچ میں94رنز کے عوض12وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے400شکار بھی مکمل کرلیے ۔

محمد عبا س نے یہ کارنامہ محض154 اننگز میں سر انجا م دیا۔ پاکستان کے لیے کم ترین فرسٹ کلاس اننگز میں 400شکار مکمل کرنے اعزاز لیجنڈری فاسٹ باﺅلر فضل محمود کے پاس ہے جنہوں نے142ویں اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا ، طاہر مغل نے148اننگز ، سمیع اللہ خان نیازی نے152اننگز جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالرﺅف ،رانا نوید الحسن اور امیر الہی نے153،153اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا ۔

(جاری ہے)

محمد عباس نے اس شاندا ر کارکردگی کے ساتھ ہی رواں سال فرسٹ کلاس سیزن میں اپنی 100وکٹیں بھی مکمل کیں ، وہ گزشتہ 9سال کے دوران یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے پہلے پاکستانی باﺅلر ہیں ،محمد عباس اب تک رواں سال 102وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔ اس سے قبل2009ءمیں چا ر پاکستانی باﺅلرز دنیش کنیریا (158)،محمد رمیز(111)،سابق ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر تنویر احمد (104) اور نوید عارف (102) نے ایک سیزن میں سو فرسٹ کلاس شکار مکمل کیے تھے ۔ محمد عبا س اب تک86فرسٹ کلا س میچز میں 19.48کی اوسط سے406وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں 34بار اننگز میں 5یا اس سے زیادہ وکٹیں اور10بار میچ میں 10یا اس سے زیادہ شکار کرنے کااعزاز شامل ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات