صارفین کو معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئی ایچ ڈی آئی پی مختلف شہروں میں ٹیسٹنگ لیبارٹریزکو اپ گریڈ کرنے کے دو منصوبے شروع کرے گی، 270 ملین روپے کی لاگت آئیگی

بدھ 14 نومبر 2018 14:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ہائیڈروکاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (ایچ ڈی آئی پی) صارفین کو معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مختلف شہروں میں ٹیسٹنگ لیبارٹریزکو اپ گریڈ کرنے کے دومنصوبے شروع کرے گی جس پر 270 ملین روپے کی لاگت آئیگی۔سرکاری ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت کراچی لیبارٹریز کمپلیکس اوراسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اورآئی ایس او پٹرولیم ٹیسٹنگ لیبارٹری اسلام آباد کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 270 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔

کراچی لیبارٹریز کمپلیکس کو عالمی معیارکے مطابق جدید بنایا جارہاہے جہاں پٹرولیم مصنوعات کا تجزیہ بین الاقوامی معیارکے مطابق کیا جائیگا تاکہ صارفین کو معیاری مصنوعات کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ٹرمینلز وڈپو، جہازوں ، ریفائنریز، لیوب آئل بلینڈنگ پلانٹس، ری کلیمیشن پلانٹس اورگریز وٹرانسفرمر آئل پلانٹس سے حاصل کردہ نمونوں کے تجزیئے میں مدد ملے گی۔دوسرے پراجیکٹ کے تحت سلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اورآئی ایس او پٹرولیم ٹیسٹنگ لیبارٹری اسلام آباد کو اپ گریڈ کیا جائیگا جہاں مقامی اوردرآمد شدہ پٹرولیم مصنوعات کا تجزیہ کیا جائیگا۔