Live Updates

حکومت پنجاب سوشل ویلفیئر کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ‘محمد اجمل چیمہ

حکومت پنجاب سے فلاحی اداروں کے لئے مزید فنڈز طلب کریں گے‘صوبائی وزیر سماجی بہبود آبادی و بیت المال

جمعرات 15 نومبر 2018 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ سوشل ویلفیئر کے ادارے اور بیت المال کا پیسہ غریب اور نادار طبقے کی امانت ہے جن کا استعمال انتہائی ایمانداری سے ان کی فلاح و بہبود کے لئیے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے محمد اجمل چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سوشل ویلفئیر کے اداروں کی بہتری کے لئیے اقدامات کرنے کی خصوصی ہدایات کی ہیں اور ذاتی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اپنے دورہ داد رسی سنٹر برائے خواتین ملتان سے متعلق بتایا کہ داد رسی سنٹر سیت تمام فلاحی اداروں کو مزید فعال کیا جائے گا اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئیے حکومت پنجاب سے مزید فنڈز بھی مانگے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور غریب طبقے کا ہم پر حق ہے اور اس حق کو ادا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ نے ان کو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی خدمت کا موقع دیا ہے اور وہ اپنی ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے نبھائیں گے۔ بعد اذاں صوبائی وزیر سے سوشل ویلفئیر کمپلیکس کے تحت چلنے والے اداروں میں کام کرنے والی سائیکالوجسٹس کے وفد نے بھی ملاقات کی ور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر پنجاب محمد اجمل چیمہ نے ان کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کروائی اور انہیں محنت، لگن اور جانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات