کوئٹہ کی شکست پر ویوین رچرڈز ڈیڑھ گھنٹہ روتے رہے: ندیم عمر

سابق ویسٹ انڈین کپتان مجھ سے زیادہ ٹیم کی کارکردگی کیلئے فکر مند ہوتے ہیں:مالک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 نومبر 2018 13:50

کوئٹہ کی شکست پر ویوین رچرڈز ڈیڑھ گھنٹہ روتے رہے: ندیم عمر
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بتایا کہ پی ایس ایل تھری کے ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست پر ویوین رچرڈز ڈیڑھ گھنٹے تک روتے رہے۔لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں ناکامی کے بعد ویوین رچرڈز ڈیڑھ گھنٹہ تک روتے رہے، بعدازاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو کراچی میں نہیں کھیلنا تھا اس کے باوجود انھوں نے شہر قائد کا دورہ کرتے ہوئے میرے گھر پر ڈنر میں شرکت کی، سیرسپاٹے کیے اور گالف کھیلنے کیلئے بھی گئے، ان کے کراچی آنے کا مقصد دنیا کو مثبت پیغام دینا تھا اور اس کا پاکستان کو بڑا فائدہ بھی ہوا۔

ایک سوال پر ندیم عمر نے کہا کہ سرفراز احمد نے پیسے کوترجیح نہ دیتے ہوئے ایک فرنچائز کی جانب سے کی جانےوالی بھاری پیشکش ٹھکرا دی، بڑے پن کا مظاہرہ کرنے پر میں نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا، سرفراز کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2 بار فائنل کھیلا، تیسرے میں بھی بھرپور فائٹ کی، اس بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ندیم عمر نے کہا کہ غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے کمبی نیشن متاثر ہوتا اور ہماری قوت کم پڑ جاتی ہے، اسی لیے اب مقامی کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کا فیصلہ کیا ہے، عمراکمل نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کیا، وہ پاکستان کیلیے بھی کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انھیں موقع دیا ہے کہ اپنے اور ٹیم کے لیے پرفارم کرتے ہوئے خود کو دوبارہ گرین شرٹ پہننے کا اہل ثابت کریں،اسی طرح کا موقع احمد شہزاد کو بھی دیا تھا، انہوں نے کارکردگی بھی دکھائی۔

دونوں کرکٹرز کے ماضی میں تنازعات کے باوجود سلیکشن کے سوال پر ندیم عمر نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو ویوین رچرڈز، معین خان اور اعظم خان جیسے مینٹور اور کوچز کی خدمات حاصل ہیں یہ لوگ پلیئرز کو بنانا اور ان کی صلاحیتیں نکھارنا جانتے ہیں۔