کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور سپورٹ کریں گے،فیصل واوڈ کی مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد گفتگو

جمعہ 16 نومبر 2018 17:46

کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔جمعہ کووزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی شریک تھے۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنمائوں میں سندھ کے پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ملاقات میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبے کے لیے اضافی فنڈز وفاق سے چاہتے ہیں، کے فور کا منصوبہ 75 بلین روپے کا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 50 فیصد فنڈز دینے کا وعدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سے ملاقات کے بعد فیصل واوڈا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سے ملاقات مثبت رہی، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ کراچی کے پانی کے مسائل ہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ حکومت کے مطالبات وفاقی حکومت تک پہنچائوں گا۔ سندھ حکومت کے وفاق کے ذمے فنڈز سے متعلق کام کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پائلٹ پروجیکٹ سندھ حکومت کو دے رہا ہوں، کے فور سے متعلق پیشرفت ہوئی ہے، سندھ حکومت نے مثبت پروپوزل دیا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ بلدیات سے متعلق بھی سندھ حکومت کی بھرپور مدد کریں گے، غیر قانونی ہائیڈرینٹس گرانے سے متعلق سعید غنی نے سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ رہیں گے ملک کے لیے ہم سب متحد ہیں، ہر صوبے میں جائوں گا اور حکام سے ملاقاتیں کروں گا۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے لیے کے فور منصوبہ بہت اہم ہے، منصوبے میں درپیش مسائل پر فیصل واوڈا سے گفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ویسٹ پانی کی عدم موجودگی سے متعلق زیادہ متاثر ہے، بلدیہ میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ ضلع ویسٹ میں پانی کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔

متعلقہ عنوان :