اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا اسلام آباد میں سپرنگ فیسٹیول منعقد کرنے پر غور

کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کیلئے پائیدار اقتصادی پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے ،نائب صدر آئی سی سی آئی

جمعہ 16 نومبر 2018 19:39

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے مشترکہ طور پر اسلام آباد میں موسم بہار میں سپرنگ فیسٹیول کا اہتمام کرنے پر غور و خوض کیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسلام آباد کے ڈائریکٹر محمد عرفان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر احمد حسن مغل ، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی سے ملاقات کی اور چیمبر کے ساتھ مل کر وفاقی دارالخلافہ میں سپرنگ فیسٹیول منعقد کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

محمد عرفان نے کہا کہ ان کا ادارہ نجی شعبے کے اشتراک سے کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتا رہتا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ سپرنگ فیسٹیول اسلام آباد میں تاجر وصنعتکار برادری کو اپنے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے بیرونی ممالک کی طرف اپنے خصوصی وفود تشکیل دے اور ان کا ادارہ ایسے تجارتی وفود کو باہر بھیجنے میں تعاون کرے گا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان کے کاروباری مفادات کو بہتر فروغ دینے کیلئے مختلف سرگرمیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے امور پر بھی تبالہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی و نجی شعبوں کے درمیان بہتر روابط قائم کر کے معیشت کو بہتر کرنے کی طرف مثبت پیش رفت کی جائے گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے چیمبر کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں سپرنگ فیسٹیول منعقد کرنے کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ چیمبر پہلے ہی مذکورہ فیسٹیول منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا اشتراک فیسٹیول کو کامیاب بنانے معاون ثابت ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے کو آنے والے دنوں میں چین کے ہم منصبوں کے ساتھ سخت مقابلے کا سامنا ہو گا لہذا حکومت صنعتی شعبے کو جدید خطوط پر ترقی دینے اور اپ گریڈیشن کرنے کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرے تا کہ صنعتی شعبہ ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے برآمدات کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سٹیل انڈسٹری سمیت صنعتی مشینری کی درآمد پر حکومت اس وقت مجموعی طور پر تقریبا 40فیصد ٹیکس وصول کر رہی ہے جو بہت زیادہ ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت صنعتی مشینری کی درآمد پر عائد بھاری ڈیوٹیاں اور ٹیکس کم کرے تا کہ صنعتی شعبے کو اپ گریڈ کرنے میں سہولت ہو۔

انہوںنے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کیلئے پائیدار اقتصادی پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ طویل المدت پالیسیوں کی تشکیل کے بغیر معیشت کو ترقی دینا مشکل ہے۔ انہوںنے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت نیشنل بزنس پالیسی تشکیل دینے پر غور کرے جس سے کاروباری برادری کو صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو گی۔