چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست،بین الاقوامی و علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے

وہ پاکستان کے لیے بڑے اقتصادی پیکج ،درآمدات کو بڑھانے کا خواہشمند ہے تاکہ باہمی تجارتی عدم توازن کو بہتر بنایا جا سکے فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر یز کے نائب صدرکریم عزیز ملک کی کاروباری برادری سے گفتگو

ہفتہ 17 نومبر 2018 14:19

چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست،بین الاقوامی و علاقائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر یز(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے مسائل سے لا تعلق نہیں ،وہ ہمارے ملک کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا مئوقف یکساں ہے اور چین پاکستان کو مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہے اس لیے وہ ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

یہ بات انھوں نے چین کے حالیہ دورے کے بعد کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے چین کی کیمونسٹ پارٹی کے اہم عہدیدار وانگ کن منگ سمیت متعدد اعلیٰ عہدیداروں، سفارتکاروں، صنعتکاروں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں انھیں پاکستان کے بارے میں فکر مند اورپاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے ہر ممکن تعاون پر تیار پایا۔

(جاری ہے)

چین نہ صرف پاکستان کے لیے ایک بڑا اقتصادی پیکج تیار کر رہا ہے جس سے معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ پاکستان سے درآمدات کو بڑھانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی عدم توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔چینی حکام نے یقین دلایا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کو نہ صرف موجودہ بحران سے نکلنے میں بھر پور مدد دے گا بلکہ مستقبل میں بھی ہمارے مسائل حل کرنے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

چین کے ون بیلٹ اینڈ ون روڑ پراجیکٹ کا 20 فیصد صرف پاکستان میں لگایا جا رہا ہے جس میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہو سکتا ہے ،اس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔اس منصوبے میں پاکستان کی جانب سے دیگر ممالک کی شمولیت کا احترام کرتے ہیں جس پر اگلے ماہ تفصیلی مذاکرات ہونگے،سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔