سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن پالیسی بورڈ کی تشکیل نو، خالد مرزا چئیرمین تعینات

پیر 19 نومبر 2018 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) وفاقی حکومت نے سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پالیسی بورڈ پر نجی شعبے کے چھ مبران کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ خالد مرزا کو کمیشن کے پالیسی بورڈ کا چئیرمین تعینات کئے جانے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نجی شعبے سے تعینات کئے گئے دیگر ممبران میں عدنان آفریدی، صادق سعید، فرخ خان، وقار السلام، سید اسد علی شاہ شامل ہیں۔

عدنان آفریدی کراچی سٹاک ایکس چینج کے مینجنگ ڈائریکٹر رہے ہیں ۔ اسد علی شاہ مایہ ناز چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں۔ایس ای سی پی کے قیام کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت نے نجی شعبے سے پالیسی بورڈ کا چئیرمین تعینات کیا گیا ہے جس سے اس اہم ریگولیٹری ادارے میں حکومت کا عمل دخل کافی حد تک ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

خالد مرزا ایس ای سی پی اور مسابقتی کمیشن کے چئیرمین رہے ہیں۔

خالد مرزا نے مناپلی کنٹرول اتھارٹی کو ایک جدید مسابقتی کمیشن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ خالد مرزا انتر نیشنل فنانس کارپوریشن اور ورلڈ بینک میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔ خالد مرزا اس وقت لاہور یونی ورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ( لمز) میں پروفیسر ہیں۔ امید ہے کہ خالد مرزا جیسے نامور پروفیشنل کے پالیسی بورڈ کے چئیرمین بننے سے ایس ای سی پی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا اور اس کی خودمختاری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

ایس ای سی پی کا پالیسی بورڈ گیارہ ارکان پر مشتمل ہے جس کے پانچ رکن پبلک سیکٹر جبکہ چھ ممران نجی شعبے سے تعینات کئے جاتے ہیں۔ پبلک سیکٹر سے وفاقی سیکٹری برائے خزانہ ، وفاقی سیکٹری براء قانون، وفاقی سیکٹری براے کامرس ، ڈپٹی گورنرز سٹیٹ بینک اور چئیرمین ایس ای سی پی پالیسی بورڈ کے رکن ہوتے ہیں جبکہ نجی شعبے سے ارکان کی تعیناتی وفاقی حکومت کرتی ہے۔