حاجی عبد الوہاب کے انتقال کے بعد مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 نومبر 2018 11:42

حاجی عبد الوہاب کے انتقال کے بعد مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2018ء) : حاجی عبد الوہاب کے انتقال کے بعد مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ حاجی عبدالوہاب نے اپنی وفات کے بعد جماعت کی قیادت سپرد کرنے کیلئے تین علماء کے نام تجویز کیے تھے۔ مرکزی اجتماع گاہ رائے ونڈ میں حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ سے قبل ان کے پُرانے خدمت گار مولانا محمد فہیم نے ان کی وصیت پڑھ کر سنائی اور کہا کہ حاجی عبدالوہاب نے اپنی وفات کے بعد تبلیغی جماعت کی قیادت کے لیے تین علماء کرام کے نام تجویز کئے جن میں پہلے نمبر پر مولانا نذ رالرحمان، دوسرے نمبر پر مولانا احمد بٹلہ اور تیسرے نمبر پر مولانا عبیداللہ خورشید کا نام ہے ۔

حاجی عبدالوہاب نے 17ستمبر 2015ء کو اپنی وصیت تحریر کروائی۔

(جاری ہے)

بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے تبلیغی جماعت کے بزرگوں نے مشاورت کے بعد حاجی عبدالوہاب کی وصیت پر من و عن عمل کا فیصلہ کیا جس کے بعد مولانا نذر الرحمان کو تبلیغی جماعت کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ مولانا نذر الرحمان نے ہی حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ پڑھائی تھی۔

اگر مولانا نذر الرحمان بھی اس دنیا سے پردہ کرجاتے ہیں۔ تو ان کے بعد امارت کے ذمہ داری مولانا احمد بٹلہ اور ان کے بعد یہ ذ مہ داری مولانا جمشید کے صاحبزادے مولانا عبیداللہ خورشید کو سونپ دی جائے گی ۔ تبلیغی جماعت کے سابق امیر حاجی عبدالوہاب نے جس وقت اپنی وصیت تحریر کروائی اُس وقت انہوں نے اس پر دستخط کرتے ہوئے لکھوایا تھا کہ جو شخص ان کے ساتھ محبت یا عقیدت رکھتا ہے تو وہ اپنی زندگی کے تمام معاملات کو پس پشت ڈال کر آخرت کی تیاری کے لیے دعوت وتبلیغ کے کام کے لیے اپنے گھروں سے نکلے اور اللہ اللہ کے ذکر کو عام کرے۔

اپنی وصیت میں مولانا عبد الوہاب نے ہدایت کی تھی کہ استغفر اللہ اور درود پاک کو کثرت سے پڑھا کریں تاکہ اللہ کی رحمتوں کا نزول ہو سکے۔ خیال رہے کہ امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد دو روز قبل انتقال کرگئے۔حاجی عبدالوہاب کا شمار مسلم دنیا کی 500 سو با اثر شخصیات میں ہوتا تھا اور اس فہرست میں حاجی عبد الوہاب 10 ویں نمبر پرتھے۔

متعلقہ عنوان :