حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا غزہ حملوں کے جواب میں تل ابیب پر بڑا میزائل حملہ کرنے کا دعوی

جبالیہ کیمپ میں ایک سرنگ میں اسرائیلی فورسز کو نشانہ بنایا اوران کے تمام ارکان ہلاک، زخمی یا قیدی بنا لیے گئے. ترجمان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 26 مئی 2024 23:03

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا غزہ حملوں کے جواب میں تل ابیب پر ..
غزہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26مئی۔2024 ) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے غزہ پر مسلسل حملوں کے جواب میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر بڑا میزائل حملہ کرنے کا دعوی کیا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے ممکنہ راکٹس کے خطرے کے پیش نظر مرکزی شہر میں سائرن بجائے ہیں. عرب نشریاتی ادارے نے القسام بریگیڈ کے ٹیلی گرام چینل پرنشر پروگرام میں کہا ہے کہ راکٹ حملہ غزہ میں شہریوں کے خلاف صہیونی قتل کا جواب ہے”الاقصیٰ ٹی وی“ کے مطابق یہ راکٹ غزہ کی پٹی سے لانچ کیے گئے ہیں حماس کے مسلح ونگ نے غزہ کی پٹی میں ایک اسرائیلی فوجی کو قیدی بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا.

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا تھا کہ گروپ نے جبالیہ کیمپ میں ایک سرنگ میں اسرائیلی فورسز کو نشانہ بنایا اوران کے تمام ارکان ہلاک، زخمی یا قیدی بنا لیے گئے. اس سے قبل عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے رفح میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کے حکم کے اگلے ہی روز اسرائیل نے ہفتے کو غزہ کی پٹی پر بمباری کی تھی غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم 35 ہزار 984 فلسطینی شہری جان سے جا چکے ہیں جب کہ 80 ہزار 643 زخمی ہیں ”الجزیرہ“کے نامہ نگار بتایا ہے کہ اسرائیل کے تجارتی مرکز تل ابیب میں کئی ماہ میں پہلی بار اتوار کو راکٹ سائرن بجنے لگے اور وسطی اسرائیل میں کم از کم تین دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں.