عید میلادالنبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا عید میلادالنبیؐ پر پیغام

منگل 20 نومبر 2018 19:26

عید میلادالنبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے جو دنیا و آخرت میں فلاح و نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے یہ بات خاتم الانبیاء رحمة للعالمین حضرت محمدؐ کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد کے پیغام میں کہی جو (آج) بدھ کو منایا جا رہا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بہترین انسانیت کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔ 12 ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، پاک پیغمبرؐ کے آنے سے انسان دشمنی، ظلم و بربریت، جہالت، جبر و استبداد، خواتین پر ظلم اور گمراہی کی تاریخ یکسر بدل گئی، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفو و درگزر اور جذبات کو پاکیزگی میسر آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن ہمیں حضرت محمدؐ سے عشق و محبت کا پیغام دیتاہے، پاک پیغمبرؐ سے پیار پوری انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس بابرکت دن کی تمام محفلیں آپؐ کی ذات اقدس سے محبت کا پیغام دیتی ہیں، ہمیں اس مبارک موقع پر عہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہاء پسندانہ سوچ، علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، اپنے اندر اتحاد و اتفاق، باہمی محبت و رواداری اور احساس ذمہ داری جیسے اوصاف پیدا کریں گے جو ملک و قوم اور اقوام عالم کی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر ہم اپنے تمام شہداء غازیوں اور مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس وطن عزیز اور اسلام کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ محمد صداق سنجرانی نے خدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ میں دعا کی کہ ہمیں اپنی زندگیاں آپؐ کی تعلیمات کی روشنی میں گزارنے کی توفیق عطاء فرمائے۔