Live Updates

دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں

مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے کم ہوکر17 فیصد پر آگئی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، پوری کوشش کررہے کہ عوام کو جلد از جلد زیادہ ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 مئی 2024 21:19

دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مئی 2024ء) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد از جلد زیادہ ریلیف مل سکے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ دو سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39فیصد سے پہلے 20فیصد اور اب 17فیصد پر آگئی ہے، ہماری حکومت نے 16میں جو محنت کی، اس کو نگران حکومت نے جاری رکھا، یہ اسی محنت کے ثمرات ہیں، مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں، صوبائی حکومتیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اوراشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی۔ شہبازشریف نے کہا کہ سرتوڑ کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو جلد از جلد زیادہ ریلیف مل سکے۔ یاد رہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کی حکومتی کوششیں رنگ لانے لگیں۔ مہنگائی کی شرح گزشتہ 23 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔ پاکستان میں مارچ 2024 میں مہنگائی کی شرح 20.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اپریل میں یہ شرح 3.4 فیصد کمی کے بعد 17.3 فیصد پر آگئی۔

مزید برآں سعودی بزنس وفدکا متوقع دورہ پاکستان کے لئے وزیر اعظم شہبازشریف نے 16رکنی اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دیدی، ذرائع کے مطابق وزیرپیٹرولیم کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے ۔ وفاقی وزرائے تجارت، نجکاری، پاور اورصنعت و پیداوار ارکان میں شامل ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر،سیکریٹری ایس آئی ایف سی کمیٹی ارکان کا حصہ ہونگے ۔ چیف پروٹوکول وزارت خارجہ کمیٹی کے ارکان میں شامل ہونگے ۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وزیر مملکت آئی ٹی کمیٹی ارکان میں شامل ہونگے۔سیکریٹریز پاور،پیٹرولیم، داخلہ،آئی ٹی، تجارت اورسرمایہ کاری بورڈ کمیٹی کا حصہ ہونگے۔کمیٹی سعودی وفد کے لیے بزنس میٹنگز کے انتظامات کرے گی۔ کمیٹی کو وفد کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے، وزارت تجارت کمیٹی کے لیے سیکریٹر یل سپورٹ فراہم کرے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات