ڈی پی او لوئر کوہستان محمد سلیمان خان کی جانب سے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تھانہ دوبیر میں کھلی کچہری کا انعقاد

پی ایل سیز اور ڈی آر سی کے فورم کو مزید فعال بنانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، ڈی پی او سلیمان خان

بدھ 21 نومبر 2018 14:10

کو ہستا ن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ڈی پی او لوئر کوہستان محمد سلیمان خان کی عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تھانہ دوبیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ محمد سلیمان خان نے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے سلسلہ میں تھانہ دوبیر میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا جس میں ضلعی پولیس سربراہ کے ہمراہ ڈی ایس پی سرکل پٹن اورنگزیب خان، ایس ایچ او تھانہ دوبیر، منتخب مقامی نمائندگان، ممبران پی ایل سیز کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے پبلک لیزان کمیٹیوں کے ممبران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ضلعی پولیس سربراہ نے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بطور ممبر پی ایل سی اہم ذ مہ داریاں سونپی گئی ہیں جو قانون کے مطابق آپ ان پر عمل پیرا ہو کر معاشرہ میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، آپ لوگوں کو اچھے کردار اور معاشرے میں اچھا مقام ہونے کی وجہ سے پی ایل سی کی ممبر شپ دی گئی ہے جس فرض کو آپ بخوبی نبھا رہے ہیں، امید ہے کہ آئندہ بھی آپ اسی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ضلعی سربراہ لوئر کوہستان نے آئندہ پی ایل سیز اور ڈی آر سی کے فورم کو مزید فعال بنانے کے احکامات جاری کئے تاکہ پرامن معاشرے کے قیام میں یہ تمام ممبران، مہذب شہری اور میڈیا کے ممبران امن و امان کی صورت حال کے دوران ضلع پولیس کا ساتھ دیں تاکہ عوامی نمائندگان اور پولیس کا لیزان برقرار رہے۔ ضلعی پولیس سربراہ لوئر کوہستان محمد سلیمان خان نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام الناس کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، لوئر کوہستان پولیس کے تمام تھانہ جات کو عوامی، فلاحی اور اصلاحاتی مراکز میں تبدل کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

منشیات فروشی اور دیگر جرائم کے خاتمہ کے حوالہ سے ڈی پی او لوئر کوہستان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر اخلاقی سر گرمی پر انہیں ان کے موبائل فون نمبر 0300-0360060 پر ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھ کر اور مکمل تحقیقات کے بعد مثبت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انشاء الله آپ تمام لوگوں کو واضح فرق نظر آئے گا، معاشرہ کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے اور منشیات جیسی لعنت سے عوام الناس کو چھٹکارا دلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن کی پہلی سیڑھی ہے کہ کسی بھی علاقہ میں جرائم کے سدباب کے حوالہ سے جتنا کام پولیس کا ہے اتنا ہی علاقہ کی عوام کا ہے، اسی وجہ سے پولیس اور عوام کو ساتھ ملکر علاقہ کے امن کو برقرار رکھنا ہو گا۔ اس موقع پر خطاب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ لوئر کوہستان نے کھلی کچہری میں عوام الناس کی شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کئے۔

اس دوران عوام کی طرف سے پریشر ہارن اور کمسن موٹر سائیکل سواروں کے خلاف شکایات پر ضلعی پولیس سربراہ نے موقع پر ہی ٹی او دوبیر ٹریفک سید عالم کو فوری کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ بازار میں تجاوزات کے حوالہ سے ڈی ایس پی سرکل پٹن اورنگزیب خان کو جلد ازجلد کارروائی کے احکامات صادر فرمائے۔ عوام الناس کا کہنا ہے کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفیکٹ تھانہ کی سطح پر ہونا چاہئے اور لوئر کوہستان میں مزید تھانوں اور چوکیات بنانا چاہئے۔

ضلعی پولیس سربراہ لوئر کوہستان نے کہا کہ پولیس اور عوام ملکر ہی عوامی شکایات اور مشکلات کا ازالہ کر سکتے ہیں۔ ضلعی پولیس آفیسر لوئر کوہستان نے عوامی نمائندگان اور عوام الناس کی طرف سے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر ان کی اس کاوش اور خدمات پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور ضلع لوئر کوہستان کو پرامن ضلع بنانے کیلئے پولیس کے ساتھ خصوصی تعاون کی اپیل کی۔