پنجاب کے بڑے شہروں میں کوڑے کرکٹ سے بجلی کے پلانٹ لگائے جائینگے‘ عبد العلیم خان

لاہور شہر میں35میگا واٹ ،فیصل آباد اور راولپنڈی میں30میگا واٹ کے منصوبے شروع ہونگے‘ سینئر صوبائی وزیر سے چینی وفد کی ملاقات

جمعہ 23 نومبر 2018 18:12

پنجاب کے بڑے شہروں میں کوڑے کرکٹ سے بجلی کے پلانٹ لگائے جائینگے‘ عبد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2018ء) سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں کوڑے کرکٹ سے بجلی کے پلانٹ لگائے جائیں گے،صوبے بھر میں بتدریج لینڈ فل سائٹس ختم کر دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی کمپنی کے وفد سے ملاقات اور بریفنگ میں کیا ۔سینئر وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی زیرو انویسٹمنٹ کے ساتھ چین سرمایہ کاری کرے گا۔

لاہور شہر کے کوڑا کرکٹ سے 35میگا واٹ بجلی کا منصوبہ شروع ہو گا،فیصل آباد اور راولپنڈی میں30میگا واٹ کے منصوبے شروع ہوں گے ۔22ماہ میں منصوبوں کی تکمیل اور بجلی کی پیداوار شروع ہو سکتی ہے ۔سینئر وزیر عبد العلیم خان نے کہا کہ کوڑاکرکٹ ڈمپ کرنے کی بجائے اس سے بجلی حاصل کریں گے ،اس منصوبے سے اراضی کے نقصان اور پانی کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے گا ،ویسٹ کولیکشن سے ماحولیاتی بہتری کیلئے دوررس اقدامات کر رہے ہیں،صوبے بھر میں بتدریج لینڈ فل سائٹس ختم کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام شہروں میں کوڑے کرکٹ سے کار آمد اشیا بنائیں گے۔منصوبے کیلئے چینی کمپنی نے کوڑا کرکٹ خریدنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سے منافع میں بھی شراکت کریں گے۔اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔