محکمہ صحت کے 48 ملازمین نے اینستھیزیا ٹیکنیشن کی تربیت مکمل کرلی‘یاسمین راشد

اینستھیزیا ماہرین کو ایسی مراعات اور تنخواہیں دیں گے جس کی پہلے مثال نہیں ملتی‘صوبائی وزیر صحت

منگل 27 نومبر 2018 18:18

محکمہ صحت کے 48 ملازمین نے اینستھیزیا ٹیکنیشن کی تربیت مکمل کرلی‘یاسمین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2018ء) محکمہ صحت کے 48 ملازمین نے اینستھیزیا ٹیکنیشن کی تربیت مکمل کرلی ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی ہے کہ تربیت یافتہ اینستھیزیا ماہرین کا پول بنا کر مختلف اضلاع کے لئے ذمہ داریاں سونپی جائیں اور جہاں اینستھیزیا ماہرین کی کمی ہے وہاں ان سے خصوصی پیکیج پر کام لیا جائے۔

منگل کو تربیت مکمل کرنے والے 48 اینستھیزیا ماہرین کے ساتھ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ میں ملاقات میں انہوں نے کہا کہ مختلف ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں کمی کے پیش نظراینستھیزیا ماہرین کو ایسی مراعات اور تنخواہیں دیں گے جس کی پہلے مثال نہیں ملتی۔ حکومت اینستھیزیا ماہرین کو معاوضے کے علاوہ فی آپریشن فیس بھی دے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سمری وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے لئے بھجوا دی گئی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اینستھیزیا ماہرین کی کمی دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریٹائر ہونے والے اینستیھٹیٹس یا اینستھیزیا ٹیکنیشنز کو فوری طور دوبارہ ملازمت کی پیشکش کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹیوں کو ٹیکنیشنز کی نشستیں بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نصیحت کی کہ نوجوان اینستھیزیا ماہرین دل و جان اور مشنری جذبے سے اپنا کام کریں۔

آپ کو چیلنج سمجھ کر یہ ذمہ داری سنبھالنا ہوگی۔ دریں اثنا وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت محکمہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد خان رانجھا اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق 4 نئے قوانین کی تیاری پر غور کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میڈیکل تعلیم کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ریفارمز ایکٹ تیار کیا جائے گا۔

تھیلیسیمیا سے بچائو اور سکیورٹی آف ہیلتھ کیئر پرسانل بل بھی زیر غور ہے۔ اسی طرح ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کو خودمختاری دینے کے لئے پنجاب ریجنل اینڈ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ایکٹ متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام اہداف کا حصول یقینی بنانے کے لئے ٹھوس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔چار نئے قوانین کی منظوری سے متعلقہ شعبوں میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ پانچ اضلاع میں ماں بچہ ہسپتالوں کی جلد تعمیر پر زیادہ توجہ دی جائے۔