پاکستان میں مکئی کی سالانہ پیداوار 60 لاکھ ٹن ہے جس میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں، زرعی ماہرین

بدھ 28 نومبر 2018 10:50

پاکستان میں مکئی کی سالانہ پیداوار 60 لاکھ ٹن ہے جس میں اضافہ کے وسیع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2018ء) پاکستان میں مکئی کی فی ہیکٹر پیداوار 5 میٹرک ٹن ہے جبکہ بھارت میں صرف 3 میٹرک ٹن فی ہیکٹر پیداوار حاصل ہوتی ہے تاہم چین میں مکئی کی اوسط فی ہیکٹر پیداوار 6 میٹرک ٹن ہے۔ خطے کے دیگرممالک کے مقابلہ میں فی ہیکٹر بہتر پیداوار کے باوجود پاکستان مکئی کی اوسط فی ہیکٹر پیداوار حاصل کرنے والے 10 بڑے ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔

زرعی شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے پاکستان میں مکئی کی سالانہ پیداوار 60 لاکھ ٹن ہے جس میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مکئی کی کاشت کے لئے دیگر فصلوں کے مقابلہ میں آبپاشی کے لئے انتہائی کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے جس کی کاشت کے فروغ سے زرعی شعبہ کو درپیش پانی کے مسائل میں بھی کمی لائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

صحت اور خوراک کے شعبہ کے ماہرین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مکئی سے حاصل ہونے والا ویجیٹیبل آئل انسانی صحت کے لئے انتہائی مفید ہے جبکہ اس سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیارکرکے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں خطر خواہ اضافہ کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مکئی ایک منافع بخش فصل ہے اور آنے والی نسل لازمی طورپر گنے کی بجائے مکئی کی کاشت کو ترجیح دے گی۔ ماہرین نے کہاکہ مکئی سے حاصل ہونے والی مصنوعات ڈیری، خوراک کی مصنوعات سمیت بیکری اور دیگر مصنوعات کی تیاری میں بطور خام مال استعمال ہوتی ہیں۔ زرعی ماہرین نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین میں مکئی کی سالانہ پیداوار 225 ملین ٹن ہے اور چین اپنی ضروریات کے لئے مکئی درآمد بھی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ( سی پیک) کے تحت پاکستان مکئی کی پیداوار بڑھا کر برآمدات کے فروغ سے خاطر خواہ استفادہ کرسکتا ہے جس سے قومی و زرعی معیشت پر خوش گوار اثرات مرتب ہوں گے اور دیہی معیشت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔