سرگودھا: حلقہ این اے 91 کی دوبارہ گنتی کا معاملہ،ہارنے والے پی ٹی آئی کے عامر چیمہ کی برتری

حلقہ کا نتیجہ کھٹائی میں پڑ گیا، تحریک انصاف کے عامر چیمہ اور ن لیگ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے حامیوں کے جیت کے متضاد دعوے، ریٹرننگ آفیسر نے نامکمل رزلٹ کا نوٹ لکھ کر فارم 48 جاری کر دیا

بدھ 28 نومبر 2018 23:26

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2018ء) سرگودھا میں حلقہ این اے 91 کی دوبارہ گنتی کا معاملہ،ہارنے والے پی ٹی آئی کے عامر چیمہ کی برتری ،حلقہ کا نتیجہ کھٹائی میں پڑ گیا، تحریک انصاف کے عامر چیمہ اور ن لیگ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے حامیوں کے جیت کے متضاد دعوے، ریٹرننگ آفیسر نے نامکمل رزلٹ کا نوٹ لکھ کر فارم 48 جاری کر دیاتفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں ہونے والی گنتی کے باوجود مکمل نتیجہ جاری نہ ہو سکا، ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل ہونے پر حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر نے نامکمل کے نوٹ کے ساتھ فارم 48 جا ری کر دیا۔

ریٹرننگ آفیسر کے تحریر کردہ نوٹ کے مطابق دوبارہ گنتی کے دوران ووٹوں کے چار تھیلوں جن میں 20 پولنگ اسٹیشنزجن میں پولنگ اسٹیشن نمبر 261,262,263,264,265,266,267,268 ,269,270,276,277,278,279,280,291,292,293,294,اور 295کے بیلٹ پیپرز موجود تھے کی سیلیں تبدیل اور ٹوٹی ہوئی ملیں جبکہ پانچ پولنگ اسٹیشنز کے جن میں پولنگ اسٹیشن نمبر 230، 295، 315، 328 اور 330 شامل ہیں کا ریکارڈ غائب تھا۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق فارم 48 کو نامکمل تصور کیا جائے جو کہ صرف ریکارڈ کے لیے محفوظ کیا جائے، ریٹرننگ آفیسر نے اس تمام معاملے کے مطابق مفصل رپورٹ علحدہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ نامکمل فارم 48 کے مطابق تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ نے 107937 ووٹ حاصل کیئے جبکہ ن لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے 106651 ووٹ حاصل کر سکے، یوں تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کو 1286 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

ووٹوں کی گنتی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی عام انتخابات میں ن لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے 1لاکھ 10ہزار 525ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ٹی آئی کے عامر چیمہ نے 1لاکھ 10ہزار 246ووٹ حاصل کیے تھے جس کے بعد دوبارہ گنتی ہونے پر ڈاکٹرذوالفقار بھٹی کی لیڈ کم ہو کر 87ووٹ رہ گئی تھی لیڈ کم ہونے پر ہی پی ٹی آئی امیدوار عامر سلطان چیمہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے حلقہ کے مکمل ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی تھی جس پر دوبارہ مکمل گنتی کا عمل شروع ہوا اس دوران پانچ تھیلے غائب جبکہ 20پولنگ اسٹیشن کا ریکارڈ ٹمپر پایا گیا جس پر گزشتہ روز ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے نامکمل نتیجے کی مکمل رپورٹ بھجوا دی گئی ۔