پولیو کا خاتمہ ہمارے لیے قومی چیلنج کا درجہ حاصل کر چکا ہے،کمشنرڈیرہ

جمعہ 30 نومبر 2018 22:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2018ء) پولیو کا خاتمہ ہمارے لیے قومی چیلنج کا درجہ حاصل کر چکا ہے۔ اس موذی مرض کے تدارک کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ڈیرہ ڈویژن جاوید خان مروت نے انسداد پولیو مہم کے ڈویژنل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ڈیرہ، ٹانک کے علاوہ محکمہ پولیس، صحت، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف و دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دس دسمبر سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اس مہم کے دوران ضلع ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک کے علاوہ نئے ضم ہونیوالے ضلع جنوبی وزیرستان کے بیشتر علاقوں میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ویکسین پلانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران ڈیرہ ڈویژن میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ تین ہزار 974بچوں کو حفاظتی ویکسین پلانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔

اجلاس کے دوران بعض علاقوں میں ریفیوزل کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ دنیا بھر میں پولیو کے موذی مرض پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن پاکستان بدقسمتی سے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں پر اس جان لیوا اور اپاہج کر دینے والے مرض کا سرکش وائرس تا حال مکمل طور پر زیر نہیں کیا جا سکا جو یقینا نہ صرف مملکت خداداد کیلئے رسوائی کا باعث ہے بلکہ ہمارے بچے بھی اس مرض میں مبتلا ہو کر دائمی معذوری کا شکار ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہر گزرتے مہینے کے ساتھ پولیو کے شکار افراد میں کمی آ رہی ہے۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کامیابی کے قریب آ کر کہیں ہم تساہل کا شکار نہ ہو جائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء الله جلد اس موذی مرض کا خاتمہ کر کے ہم نہ صرف اپنے آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے بلکہ اقوام عالم میں بھی سر اٹھا کر چل سکیں گے۔