سابق امریکی صدرجارج ایچ ڈبلیو بش انتقال کرگئے

ہفتہ 1 دسمبر 2018 18:01

واشنگٹن ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش انتقال کرگئے، ان کی عمر 94 سال تھی۔ ان کے انتقال کا اعلان ان کے بیٹے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے کیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کے اہل خانہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیئر جارج بش کہے جانے والے صدر کا گزشتہ شام کوہوا۔

وہ دوسری جنگ عظیم کے پائلٹوں میں شامل تھے۔1964ء میں ریپبلکن کی جانب سے سیاست میں آنے سے قبل وہ ٹیکساس میں تیل اور پیٹرول کے بڑے تاجر تھے۔ رواں سال ان کی اہلیہ بابرا بش کا بھی انتقال ہوا تھا۔ جارج ڈبلیو بش 41 ویں صدر بننے سے قبل رونالڈ ریگن کے دور میں آٹھ سال تک نائب صدر کے عہدے پر رہے۔ ان کے دور صدارت کو ان کی خارجہ پالیسی کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کی پالیسیوں نے امریکہ پر دنیا کے اعتماد کو بحال کیا اور ویت نام کی جنگ کا بھوت خاموش کردیا گیا۔ انہیں 1992ء میں بل کلنٹن نے صدارتی انتخابات میں شکست دی تھی۔ 1966ء میں انھوں نے ایوان نمائندگان میں سیٹ حاصل کی۔ 1971ء میں صدر نکسن نے انھیں اقوام متحدہ کا سفیر مقرر کیا۔ 1974 میں بیجنگ میں قائم نئے مشن کی سربراہی کی۔ 1976 ء مین فورڈ نے انھیں سی آئی اے کا ڈائریکٹر بنایا۔

1981 ء سے 1989 کے درمیان رونالڈ ریگن کے نائب صدر رہے۔1989ء سے 1993ء کے درمیان امریکہ کے صدر رہے اور خلیجی جنگ میں امریکہ کی قیادت کی۔جارج ہربرٹ واکر بش کی پیدائش 12 جولائی 1924 میں میساچوسٹس میں ہوئی تھی۔ پرل ہاربر کے واقعے کے بعد انھوں نے امریکی بحریہ میں رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا اور انھیں بحرالکاہل میں جاپان کے خلاف دوسری جنگ عظیم کے دوران پائلٹ کی خدمات انجام دینے سے قبل طیارہ کو پرواز کرانے کی تربیت دی گئی تھی۔ امریکی بحریہ سے فرصت کے بعد انھوں نے باربرا پیئرس سے شادی کی اور ایک سال بعد ان کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا جو ان کی طرح بعد میں امریکہ کا صدر بنا۔