وزیراعظم ہاؤس کو ریسرچ یونیورسٹی بنانے کا عمل مکمل

وزیراعظم ہاؤس میں بنائی جانے والی یونیورسٹی کا نیا نام بھی تجویز کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 4 دسمبر 2018 10:57

وزیراعظم ہاؤس کو ریسرچ یونیورسٹی بنانے کا عمل مکمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل ہی گورنر ہاؤسز کو عوام کے لیے کھولنے اور وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔ اقتدار میں آتے ہی پاکستان تحریک انصاف نے گورنر ہاؤسز کے دروازے عام عوام کے لیے کھول دئے اور عوام سے کیا اپنا وعدہ پورا کیا۔ تاہم اب وزیاعظم ہاؤس کو بھی یونویرسٹی بنانے کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے وزیر اعظم ہاؤس کو ریسرچ یونیورسٹی بنانے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ جبکہ اس یونیورسٹی کا نام ''اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی'' تجویز کیا گیا ہے ۔ منصوبہ بندی کے تحت ایوان وزیر اعظم کی 30 ایکڑ اراضی پر ریسرچ یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس میں مختلف مضامین میں تحقیقات کے علاوہ حکومت سازی ، مختلف اداروں کو اعلیٰ معیار کی ریسرچ کے مطابق معاونت فراہم کی جا ئے گی۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس سے پولو گراؤنڈ، گھوڑوں کے لیے بنائے گئے اصطبل اور ایک تفریحی پہاڑی کو ختم کر کے حاصل ہونے والی زمین کو دوسرے فیز میں 30 ایکڑ رقبہ پر یونیورسٹی کی طرز پر بنا یا جا ئے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے ابتدائی طور پر ایک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بنایا جا ئے گا۔

یونیورسٹی کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے دوسرے فیز میں وزیر اعظم ہاؤس کا 30 ایکڑ رقبہ استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں بنائی جانے والی ''اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی'' کو داخلی و خارجی راستہ فورتھ ایونیو دربار بری امام سرکار کی طرف سے دیا جا ئے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں قائم کی جانے والی یونیورسٹی ملک کی اعلٰی معیار کی ریسرچ یونیورسٹی ہو گی۔

اس حوالے سے میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے چئیرمین ہا ئر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں قائم کی جانے والی یو نیورسٹی کو پہلے فیز میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بنایا جائے گا۔ جس کے بعد دوسرے فیز میں گریجویٹ کی سطح پر تعلیم، جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈیز ہوں، دی جائے گی اور انڈرگر یجوایٹ کی تعلیم نہیں ہو گی۔