اے بی ڈیویلیئرزلاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے کیلئے پرجوش

قلندرز کےلئے عمدہ کاکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا: سابق جنوبی افریقی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 دسمبر 2018 13:29

اے بی ڈیویلیئرزلاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے کیلئے پرجوش
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2018ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے فرنچائز کو عمدہ آرگنائزیشن قرار دیا ہے ۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میںاے بی ڈیویلیئرز کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز کا حصہ بننے کے لیے پر جوش ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز ایک عمدہ آرگنائزیشن ہے جس کا پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کام کررہا ہے ۔مسٹر360کے نام سے پہچانے جانے والے اے بی ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری ، سنچری اور150رنز سکو ر کرنے کے عالمی اعزاز کے مالک ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے لیے عمدہ پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے ،ڈیویلیئرز کا کہنا تھاکہ لاہور قلندرز کا سکواڈ مضبوط لگ رہا ہے اور وہ اس میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرجوش ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔

ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانےکا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانےوالے بلے باز بھی ہیں۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے۔