احتساب عدالت کے باہرمسلم لیگ (ن) کے کارکنوں پرپولیس کے تشدد کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

جمعہ 7 دسمبر 2018 15:12

احتساب عدالت کے باہرمسلم لیگ (ن) کے کارکنوں پرپولیس کے تشدد کیخلاف پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) احتساب عدالت کے باہرمسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی اور کارکنوں پر پولیس تشدد کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔رکن پنجاب اسمبلی سلمیٰ سعدیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف کی احتساب عدالت پیشی پرکارکنان اپنے قائد سے اظہاریکجہتی کے لیے عدالت پہنچے جہاں پرلیگی ارکان سلمی سعدیہ رخسانہ کوثراورکارکنوں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا، پولیس کی جانب سے خواتین ارکان اسمبلی اور پر امن نہتے کارکنوں پر بہمانہ تشدد کیا گیا اورپولیس کے سیاسی کارکنوں پر بہمانہ تشدد کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ایک جمہوری حکومت میں پرامن سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج سے مشرف آمریت کی یاد تازہ ہوگئی، عوام کے منتخب نمائندوں سے پولیس کا یہ رویہ ہے تو عام آدمی کے ساتھ پولیس کیا کرتی ہوگی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پر امن کارکنوں اور ارکان اسمبلی پر ہونے والے تشدد کی انکوائری کروائی جائے اور ذمہ دارن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز شہباز شریف کی عدالت پیشی کے موقع پر (ن) لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت پہنچی تھی، جنہوں نے شہباز شریف کی تصاویر والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ کارکنوں نے عدالت میں گھسنے کے لیے رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔