شام میں امریکی اتحاد کے تازہ فضائی حملے میں کم از کم 25 شہری جاں بحق

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:01

دمشق۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) شام میں امریکی اتحاد کے تازہ فضائی حملے میں کم از کم 25 شہری جاں بحق ہو گئے۔دوسری جانب شامی فوج نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے سے امریکی اور اسرائیلی اسلحے برآمد کر لئے۔امریکہ کی زیر کمان اتحاد نے مشرقی شام میں واقع دیرالزور کے علاقے ہجین پر شدید بمباری کی۔موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس بمباری میں کم از کم پچّیس عام شہری مارے گئے ہیں۔

امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران شام کے صوبے دیرالزور کے مختلف علاقوں منجملہ ہجین پر کئی بار بمباری کی ۔مخالفین سے قریب شامی انسانی حقوق کے مرکز کے اعلان کے مطابق گذشتہ ایک ماہ کے دوران جنگی طیاروں کے حملوں میں 200 سے زائد عام شہری مارے گئے ہیں جن میں بیشتر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عراق و شام میں امریکی اتحاد کے حملوں پر نظر رکھنے والے گروپ ایروارز نے بھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ عراق و شام میں2014 سے جاری امریکی اتحاد کے حملوں میں اب تک5 ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

حکومت شام نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام بارہا اپنے مراسلوں میں شام میں امریکی اتحاد کی جارحیت بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی اتحاد بارک اوباما دور حکومت میں قائم ہوا تھا جس کے قیام کا مقصد عراق و شام میں داعش کے خلاف مہم قرار دیا گیا تھا مگر اس اتحاد کے حملوں میں زیادہ تر عام شہری مر رہے ہیں۔