کرائم کنڑول میں ناکام رہنے والے پولیس افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں‘ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان

پولیس اپنا قبلہ درست کرے، کارکردگی میں بہتری کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، ایس ایچ او کی نااہلیت کا خمیازہ اعلیٰ پولیس افسران کو بھی بھگتنا پڑے گا پولیس مصالحتی کونسلز کو فعال کیا جائے اور بااختیار بنایا جائی؛ صادق آباد اور کھنہ گرائونڈ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے‘ وزیر اطلاعات کا کھنہ روڈ پر کھلی کچہری سے خطاب

ہفتہ 8 دسمبر 2018 18:58

کرائم کنڑول میں ناکام رہنے والے پولیس افسران کی محکمہ میں کوئی جگہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں ناکام رہنے والے پولیس افسران کی محکمہ میں کو ئی جگہ نہیں، عوام کے جان و مال کا تحفظ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پولیس اپنا قبلہ درست کرے ، اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے اور پولیس کے پاس کارکردگی میں بہتری کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ،تھانہ کی سطح پر پولیس کی کارکردگی جانچی جائے گی اوراپنے علاقے میں جرائم کی روک تھام میں ناکامی پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت کاروائی ہو گی اور اعلیٰ پولیس افسران کو بھی خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھنہ روڈ پی پی 17میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میںعوام نے جرائم، تجاوزات، پانی اور گیس کے حوالے سے شکایات پیش کی۔ اس موقع پر ایس پی راول ٹائون محمد عاصم جسرا، ڈی ایس پی ٹریفک ملک عظمت، ایس ایچ او صادق آباد خضرت حیات، یو سی چیئرمین راجہ ناصر محمود، راجہ الحاج اظہر اقبال ستی، حاجی راجہ صفدر اور مصدق گھمن کے علاوہ نائب چیئر مین اور کونسلرز بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ پی پی 17میں مصالحتی کونسل کو فعال کرکے اس میں نیک ، اچھی شہرت کے حامل اور قوت فیصلہ رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے اور مصالحتی کونسلیں مکمل طور پر بااختیار ہو کر عوام کے تحفظ کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ صادق آباد اور کھنہ گرائونڈ سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے فوری کاروائی عمل میں لائے جائے اور بغیر کسی دبائو اور لالچ کے عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے وقار اور عزت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس کی احسن انداز میں ادائیگی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اسی سلسلے میں پی پی 17میں ہر ہفتہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا کوئی ہنی مون پریڈ نہیں ہے ،تحریک انصاف نے ملک میں تبدیلی لانے کے وعدہ پر عوام سے ووٹ حاصل کئے ہیں ، عوام کو کام کر کے دکھائیں گے اور مسائل کا پوی طرح ادراک ہے اور تحریک انصاف حکومت میں آنے کے پہلے دن سے مصروف عمل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ برسوں پرانے مسائل کے حل کیلئے مشکل فیصلے بھی کرنے پڑے ہیں مگر عوام اعتماد رکھیں کہ تحریک انصاف کی حکومت پورے خلوص نیت سے ان کے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہی ہے اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹاجا رہا ہے۔