حضور اکرمؐ نے امت کو اتحاد و اتفاق ،باہمی احترام اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا درس دیا ، فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات نے قومی یکجہتی کیلئے سنگین چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں،گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 8 دسمبر 2018 20:15

حضور اکرمؐ نے امت کو اتحاد و اتفاق ،باہمی احترام اور اللہ کی رسی کو ..
لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اسو قت مسلم امہ کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہا ڑ توڑے جا رہے ہیں، مسلم امہ کے 60ممالک ہونے کے باوجود یہودیوں سے اپنا قبلہ اول آزاد نہیں کروا یا جاسکا، نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج گولیاں بر سا رہی ہے مگر سپر طاقتیں آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں، اگر ہم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو نہ صرف ہمارے بلکہ پوری مسلم امہ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینٹر ولید اقبال ،مشیر وزیر اعلی پنجاب چوہدری محمد اکرم ، ممتاز عالم دین مولانہ طارق جمیل ، جسٹس (ر) خلیل الر حمن ، میاں فاروق الطاف ، ملک غلام ربانی ، علمائے کرام اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ حضور اکرم ﷺنے امت کو اتحاد و اتفاق ،باہمی احترام اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا درس دیا مگر آج ہمارا معاشرہ تقسیم در تقسیم ہو چکا ہے۔ فرقہ وارانہ اور مسلکی اختلافات نے قومی یکجہتی کے لئے سنگین چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں سیرت النبیﷺ ہمیں رہنما اصول فراہم کرتی ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دشمن نا پاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت نبویﷺ ایک ایسا روشن مینار ہے جس کی طرف رجوع کر کے نہ صرف ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں بلکہ وطن عزیز کو صحیح معنوں میں اسلام کا قلعہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو حضور پاک ﷺ کا روحانی فیض قرار دیا تھا۔