چیف سیکرٹری بلوچستان اختر نذیر کا دالبندین پہنچنے پر صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے استقبال کیا

اتوار 9 دسمبر 2018 17:50

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2018ء) ایرانی شہر زاہدان میں دس دسمبر سے شروع ہونے والے پاک ایران سرحدی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی حکام کا اعلیٰ سطحی وفد چیف سیکرٹری بلوچستان اخترنذیر کی قیادت میں ایران روانہ ہوگیا. اتوار کو جب وفد میں شامل حکام چاغی کے صدر مقام دالبندین پہنچے تو صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی نے اپنے رہائش گاہ پر ان کا استقبال کیا جہاں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انھیں سلامی بھی دی.

(جاری ہے)

وفد میں چیف سیکرٹری بلوچستان اخترنذیر سمیت سیکرٹری داخلہ حیدر علی شکوہ، آئی جی بلوچستان پولیس محسن حسن بٹ، سیکرٹری خزانہ نورالامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی پولیس چوہدری منظور سرور، زاہدان میں پاکستانی کونسلر جنرل محمد رفیع، ڈپٹی کمشنر نوشکی رزاق ساسولی، ڈپٹی کمشنر واشک عمران ابراہیم، ڈپٹی کمشنر پنجگور مسعود رند، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد اور پاک فوج، فرنٹیئر کور، ایف آئی اے، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، سروے آف پاکستان، پاکستان کوسٹ گارڈز اور وفاقی وزارت داخلہ کے حکام بھی شامل ہیں۔