Live Updates

پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا احتجاج رنگ لے آیا

وزیراعظم نے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیرعلی زیدی کو گورنر ہاوس طلب کر لیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 9 دسمبر 2018 17:57

پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا احتجاج رنگ لے آیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 دسمبر 2018ء ) :وزیراعظم عمران خان نے پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کے احتجاج کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر علی زیدی کو گورنر ہاوس پیش ہونے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کراچی کے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ چکے ہیں جہاں گورنر سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان اپنی وزارت اعظمیٰ کے دوران دوسری مرتبہ کراچی پہنچے ہیں۔اس دوران وہ کراچی میں مصروف ترین دن گزاریں گے۔دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور دیگر وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کراچی کے اہم ترین معاملات پر پارٹی رہنماوں سے مشاورت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم گورنر سندھ و دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان کو کراچی کے ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔اس دوران پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔اس دوران مظاہرین کی جانب سے گورنر ہاوس کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے۔دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

تصادم کے باعث حالات کشیدہ ہو چکے ہیں۔مظاہرین نے پیچھے ہٹنے کی بجائے اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر گورنر ہاوس کی جانب مارچ شروع کر دیا ہے جبکہ پولیس اس صورتحال قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کی شنوائی ہو گئی ہے ،انکا احتجاج رنگ لے آیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے مذکورہ احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی وزیر علی زیدی کو بھی گورنر ہاوس طلب کرلیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے تفصیلات فراہم کریں تاکہ ان کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات