صدر ٹرمپ کے مواخذے کی سماعت ہو سکتی ہے، امریکی رکنِ کانگریس

پیر 10 دسمبر 2018 11:37

صدر ٹرمپ کے مواخذے کی سماعت ہو سکتی ہے، امریکی رکنِ کانگریس
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) امریکا کے ایک اہم رکن کانگریس جیرالڈ نیڈلر نے کہا ہے کہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی سماعت کے لیے کوشش کر سکتے ہیں۔نیویارک سے منتخب رکن کانگریس جیرالڈ نیڈلر نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو چالباز لوگوں کے حصار میں رکھا ہوا تھا اور وہ 2016ء کا صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے وسیع تر معنوں میں ملکی عوام کے خلاف سازش کا حصہ تھے۔

انہوںنے کہا ہے کہ اراکین کانگریس کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف الزامات کتنے اہم ہیں تاہم وہ صرف گھمبیر نوعیت کے الزامات پر ہی صدر کا مواخذہ چاہیں گے۔ جیرالڈ نیڈلر نے ایسے وقت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے جب دو دن قبل فیڈرل پراسیکیوٹر نے ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ رابطے اور ان کی ہدایت پر 2016ء کے انتخابات سے کچھ ہی عرصہ پہلے دو لاکھ 80 ہزار ڈالر رقم ایسی دو خواتین کو ادا کرنے کا حصہ ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ پر تعلقات کا الزام عائد کر رکھا تھا اور یہ رقم ان کو الیکشن کے دن تک خاموش رکھنے کے لیے ادا کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

نیڈلر نے کہا کہ اگر یہ الزام ثابت ہو جاتا ہے تو یہ یقیناً قابل مواخذہ بات ہو گی جو ان صدر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا سبب سکتی ہے۔