’کرسمس کی آمد‘‘ ، فیصل آباد ریجن کے 336چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے انتظامات کی ہدایت

پیر 10 دسمبر 2018 15:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) مسیحی برادری کی کرسمس کی تقریبات کے خوشگوار ، پر سکون اور پر امن ماحول میں انعقاد کیلئی25دسمبر کو فیصل آباد کے 257، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 70، جھنگ کے 7 اور چنیوٹ کے 2گرجا گھروں سمیت فیصل آباد ریجن کے 336چرچز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پولیس افسران سمیت 4ہزارسے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیںگے۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ کرسمس کی تمام تقریبات کے انٹری مقامات پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جا ئیں گے جہاں ہر شخص کو داخلے پر چیکنگ کروانا ہو گی ۔ انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر سپیشل برانچ ، کوئیک رسپانس فورس اور انٹی ٹیرر سٹ فورس، ڈولفن فورس ، ایلیٹ فورس کا عملہ بھی الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ چرچز کے قرب و جوار کے علاقوں کا گشت جاری رکھے گا۔ انہوںنے بتایاکہ کرسمس کے ساتھ ساتھ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں پٹرولنگ کے علاوہ غیر ملکی ڈپلومیٹ مشنز ، چرچز سٹاف ، کرسچین مشنریز اور این جی اوز کے عملہ کی حفاظت کیلئے چوکس رہیں گی۔