چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا

پیر 10 دسمبر 2018 15:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے پیر کوکوئٹہ میں سپریم کورٹ رجسٹری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، اس موقع پرعدالت عظمیٰ کے جج جسٹس گلزار احمد اور جسٹس آصف سعید کھوسہ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سیدہ طاہرہ صفدر اورسینئر وکلا بھی موجود تھے۔ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کے ڈیزائین اور تعمیراتی کاموں سے متعلق معروف آرکیٹیکٹ نیر علی دادا نے چیف جسٹس کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ صرف عمارت کی تعمیر ضروری نہیں، ہمارا مقصد معاشرے میں عدل و انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے کیونکہ انصاف کی بنیاد پر معاشرے تشکیل پاتے ہیں اورانصاف کسی بھی معاشرے کے لیے انتہائی ضروری ہے، انہوں نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کی نئی عمارت کے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کی کاوشوں سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا اور دعا ہے کہ یہاں سے عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ایک ایسی عمارت ہوگی جہاں انصاف کا بول بالا ہوگااور سائلین کو فوری انصاف مہیا کیا جاسکے گا۔