اسلامی اقدار اپنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے : حافظ عبدالغفار روپڑی

غیر اسلامی ریاستوں کی ترقی اور خوشحالی کی مثالیں دینے کی بجائے حکمران اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کریں

پیر 10 دسمبر 2018 21:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) اسلامی اقدار اپنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ خاندانی منصوبہ بندی، مرد و زن کی مخلوط کھیلوں سمیت دیگر غیر شرعی سرگرمیوں کی کسی طور اجازت نہیں دینگے۔ پاکستان کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کے دعویدار تعلیمات نبوی اور احکاماتِ الٰہی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز کراچی کے تبلیغی و تنظیمی دورہ سے واپسی پر جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں جماعتی کارکنان سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر اسلامی ریاستوں کی ترقی اور خوشحالی کی مثالیں دینے کی بجائے حکمران اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کریں۔

(جاری ہے)

رسول اللہﷺ کے نظام حکومت اور خلفائے راشدین کی زندگیوں کو مشعل راہ بنا کر ملک کو ہر طرح کے بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب اسلامی تہذیب سے بغاوت کا دوسرا نام ہے۔ اسلامی تعلیمات میں زندگی کے تمام پہلوئوں کے حوالے سے رہنمائی موجود ہے۔ اغیار کی ثقافت کو آئیڈیل بنانے کی بجائے قرآن کی تعلیمات کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلف صالحین سے ورثے میں ملنے والا معاشرہ اور قرآن و سنت سے ماخوذ تہذیب میں اصولی راہیں پنہاں ہیں۔

مغربی معاشرے کی تباہ کاریوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اس کی نام نہاد خوبیوں کو اجاگر کرنے کی بجائے ہمیں اسلامی اقدا رکو اپنانے اور اپنا آئیڈیل نبی کریمﷺ کو بنانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے نوجوان ہماری قوم کا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگیوں کو احکاماتِ الٰہی اور تعلیمات رسولﷺ کے سانچے میں ڈھال کر ملک و قوم کی خدمت کریں اور وطن عزیز کو خوشحالی طرف لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :