ڈیل سٹین یا ربادا کے خوف سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی: محمد حفیظ

ون ڈے کرکٹ میں دونوں بالرزکا سامنا کرچکا ہوں: سابق کپتان

منگل 11 دسمبر 2018 16:45

ڈیل سٹین یا ربادا کے خوف سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی: محمد حفیظ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رانڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹامنٹ کا فیصلہ کسی مخصوص بالر کے خوف سے نہیں کیا ہے ۔ایک انٹر ویو کے دوران محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی فارم کو دیکھتے ہوئے نہیں لیا بلکہ اس کے پیچھے کچھ ذاتی وجوہات کار فرما ہیں ۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ اس لیے لیا کیوں کہ پاکستان کی اگلی ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے جہاں کھیلنے کی صورت میں مجھے ڈیل سٹین اور کگیسو ربادا جیسے بالرز کا سامنا کرنا پڑا اور میں نے ان سے خوفزدہ ہوکر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلا ن ہے حالانکہ یہ انتہائی بے بنیاد بات ہے ، میں اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں سٹین اور ربادا کو کھیل چکا ہوں اور مستقبل میں بھی صرف اپنی بلے بازی کے ذریعے ناقدین کوجواب دوں گا ۔

(جاری ہے)

حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی15سالہ انٹر نیشنل کیریئر میں بہت سی کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں مزید کسی چیز کی تمنا نہیں رہی ، اب وہ اپنی مکمل توجہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ پر رکھیں گے ۔ خیال رہے کہ محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں کم بیک کرتے ہوئے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تاہم اس کے بعد ان کا بلا مکمل طور پر خاموش ہوگیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوران محمد حفیظ نے 5 روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔