ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم کے دونوں اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

بدھ 12 دسمبر 2018 12:58

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم کے دونوں اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔ پولیس، کینٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی آپریشن میں متعدد پختہ تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعہ مسمار کر دیا گیا۔ ڈی پی او عباس مجید مروت، سی ای او کینٹ بورڈ ارسلان حیدر اور اسسٹنٹ کمشنر خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی جبکہ کینٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے شاہراہ ریشم جھنگی سٹاپ سے ایوب میڈیکل کمپلیکس تک تجاوزات مسمار کیں۔ شاہراہ ریشم کے دونوں اطراف مافیا نے عرصہ سے پختہ تجاوزات کر کے سڑک کو تنگ کر رکھا تھا جس کی وجہ سے ایبٹ آباد میں داخل ہونے سے لیکر ایوب میڈیکل کمپلیکس تک ٹریفک ہر وقت بلاک رہتی تھی۔ ڈی پی اوایبٹ آبادکے مطابق ضلعی پولیس کینٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری عملہ کے ہمراہ موجود رہی۔