برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر بننے کے لیے پاکستانی نژاد شہری نے 2 ملین روپے خرچ کر ڈالے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 13:21

برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر بننے کے لیے پاکستانی نژاد شہری نے 2 ملین روپے ..
برطانیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : برطانوی پارلیمنٹ کا ممبر بننے کے لیے ایک پاکستانی نژاد شہری نے 2 ملین روپے خرچ کر ڈالے۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد برطانوی ممبر فیصل راشد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گذشتہ عام انتخابات میں جیتنے کے لیے 2 ملین روپے خرچ کیے جو برطانوی کرنسی میں 13 ہزار پاؤنڈ بنتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کو دئے جانے والے ایک انٹرویو میں فیصل راشد نے کہا کہ میں نے گذشتہ انتخابات میں اپنی انتخابی مہم پر 13 ہزار پاؤنڈ کا خرچہ کیا تھا۔ یہ رقم پارٹی کے مقامی کارکنان نے اکٹھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اتنی قلیل رقم کے ساتھ پارلیمنٹ کا ممبر بننا تقریباً نا ممکن ہے۔ اتنی رقم کے ساتھ کوئی رکن پارلیمنٹ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا اور رقم بھی وہ جسے مقامی کارکنان نے عطیات کے ذریعے اکٹھا کیا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان میں حقیقی نمائندگی اور اچھی گورننس کے لیے انتخابی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سیاسی جماعت کسی نہ کسی امیر شخصیت پر انحصار کرتی ہے تاکہ اس کے اخراجات پورے ہو سکیں۔ سسٹم میں اصلاحات کیے بغیر ملک میں تبدیلی لانا نا ممکن ہے۔ اس سے جمہوری نظام کا مستقبل متاثر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کئی غیر ملکی حکومتیں برطانیہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں، اس طرح کی کوئی بھی کوشش ہمیں پاکستان کی طرف سے دیکھنے کو نہیں ملتی۔2017ء سے میرے رکن برطانوی پارلیمنٹ بننے کے بعد سے پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ راشد کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم میں اصلاحات لانا بے حد ضروری ہیں کیونکہ اس کے بغیر ایک فعال اور کامیاب حکومت بنانا نا ممکن ہے۔