جانوروں و مویشیوں کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 60لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر سبز چارہ کاشت کیا جائے گا، محکمہ زراعت

بدھ 12 دسمبر 2018 15:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھرمیں جانوروں کی تعداد8کروڑ 50لاکھ سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ مذکورہ جانوروں و مویشیوں کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 60لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر سبز چارے کاشت کرکے بمپرکراپ کے حصول کیلئے خریف چاروں کے پیداواری منصوبہ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب میں عام طورپر جانوروں کے لیے سبز چارے کی قلت پائی جاتی ہے اور ایک جانور کے حصہ میں 25من چارہ سالانہ میسر آتا ہے نیزمئی جون کے مہنیوں میں سبز چارے کی قلت زیادہ نوٹ کی گئی ہے اوراس کمی کو دور کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے سبزچاروں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ان منصوبوں میں کاشتکاروں کو خریف چاروں جوار ، باجرہ ، سدا بہار چارہ ،گوارہ ، رواں، ماٹ گراس ، کلر گھاس ، جنتر اور موسمی مکئی کی نئی اقسام کے خالص بیج فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ غذائی اور نقد آور فصلوں کی اہمیت کے پیش نظر چاروں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے ہم رقبہ میںاضافہ نہیں کرسکتے مگر اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم ایسی منصوبہ بندی کریں جس سے چارہ جات کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے زرعی توسیعی افسران کو سفارش کی کہ وہ کاشتکاروں اور مویشی پالوں کو غذائیت سے بھر پور چاروں کی فی ایکڑ پیداوار کے حصول کے لیے خصوصی تربیتی مہم شروع کریں ۔

متعلقہ عنوان :