ٹیکسوں میں کمی اور ٹیکس اصلاحات سے ہی ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا‘راجہ وسیم حسن

متوازن ٹیکس سسٹم سے ہی ٹیکس دہندگان کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا،سیلز ٹیکس میں کمی کی جائے

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کی تعداد میں کمی اور ٹیکس اصلاحات سے ہی ٹیکس نیٹ میں اضافہ ممکن ہے ،تاجربرادری اپنے گوشوارے بروقت جمع کرواکر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے کیونکہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے ملک کو بیرونی قرضوں سے نجات ملے گی۔

راجہ وسیم حسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متوازن ٹیکس سسٹم سے ہی ٹیکس دہندگان کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا ۔

(جاری ہے)

سیلز ٹیکس و دیگر ٹیکسوں میں کمی کی جائے ،انہوںنے کہا کہ حکومت مالی بحرا ن کے باعث آئی ایم ایف جیسے اداروں سے ان کی شرائط پر قرضے حاصل کرتی ہے روپے کی قدر میں کمی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ پر بوجھ بڑھ رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرے اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی اور صنعتوں کو بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ اور ٹیکسوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔