سپیکر قومی اسمبلی سے ایم کیوایم کے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ،ْ کراچی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سندھ کو کراچی سمیت حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ،ْ اسد قیصر

جمعرات دسمبر 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سندھ کو کراچی سمیت حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ۔جمعرات کوایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی اقبال محمد علی ، عثمان قادری اور صلاح الدین نے شرکت کی۔

ملاقات میں کراچی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے کہاکہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے اور ملکی سرمایہ کار ی کا مرکز سمجھاجاتا ہے،اس شہر کی روشنیوں کو بحال رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ اسد قیصر نے کہاکہ کاروباری طبقے کو پر امن ماحول فراہم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سندھ کو کراچی سمیت حیدرآباد کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہاکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انفراسٹکچرکو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی جانب سے اسپیکر کو احسن طریقے سے ایوان کی کاروائی چلانے پر مبارک باد دی گئی ۔ ملاقات کے دور ان ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے اسپیکر کو سیوریج ، صاف پانی کے مسائل سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔ایم کیو ایم پاکستان کی قانون سازی کے عمل میں اسپیکر کو ہرممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔اسپیکرنے وفد کو تما م مسائل حل کرنے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اُنہیں چند روز میں حکومتی وزراء سمیت ایم کیو ایم کے وفد کی نشست کا اہتمام کا یقین بھی دلوایا۔